پاکستان کی معروف شریعہ کمپلائنٹ جنرل (نان لائف) تکافل کمپنی ، پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ (پی کیو جی ٹی ایل) نے اپنے تاریخی اور ریکارڈ ساز ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شمولیت اختیار کر کے اپنے کارپوریٹ سفر میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ٹریڈنگ ہال میں روایتی “گونگ کی تقریب” منعقد کی گئی۔
پاک قطر گروپ کے ذیلی ادارے ، پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ نے ملک کے پہلے ”مخصوص نان لائف“ تکافل آپریٹرکے طورپرپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کامیابی کے ساتھ لسٹنگ مکمل کر لی ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ اور اسلامی مالیاتی شعبے کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ نے اپنی ابتدائی عوامی پیشکش کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی اور کئی نئے ریکارڈز بنائے۔ بک بلڈنگ کے مرحلے میں حصص کی طلب مقررہ حد سے 21 گنا زیادہ رہی، جبکہ عوامی پیشکش میں اسے 9.6 گنا زیادہ سبسکرائب کیا گیا۔سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی کے پیش نظرمجموعی طورپر 13,013 درخواستیں موصول ہوئیں، جو پاکستان میں ابتدائی عوامی پیشکش کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ علاوہ ازیں، پاکستان میں آئی پی او کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوامی شیئرز کو 25 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دیا گیا جس سے مزید سرمایہ کاروں کو شرکت کا موقع ملا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر، جناب ثاقب ذیشان نے کہا،”ہم ملک میں پہلے ’مخصوص نان لائف‘ تکافل آپریٹر کی اس تاریخی لسٹنگ اور سرمایہ کاروں کے غیر معمولی ردعمل پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ یہ ریکارڈ ساز ابتدائی عوامی پیشکش ہمارے شریعہ کمپلائنٹ کاروباری ماڈل، گورننس کے فریم ورک اور اسلامی مالیاتی نظام کی ترقی کے لیے ہمارے طویل مدتی وژن پر تمام اسٹیک ہولڈرز کےپختہ اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے پائیدار ،جدیداور اخلاقی مالیاتی حل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ “
اس ایشو کے لیڈ ارینجر عارف حبیب لمیٹڈتھے، جنہوں نے ابتدائی عوامی پیشکش کے تمام مراحل کی نگرانی کرتے ہوئے اس کی کامیاب تکمیل کویقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر عارف حبیب لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب شاہد علی حبیب نے کہا کہ،” ہمیں پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ کے کامیاب آئی پی او پر بے حد خوشی ہو رہی ہے، جسے بک بلڈنگ کے عمل کے دوران 21 گنا زائد سبسکرپشن حاصل ہوئی، جو سرمایہ کاروں کے وسیع تر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ اس آئی پی او کے لیے مجموعی طور پر 4.74 ارب روپے کی طلب دیکھی گئی اور اس نے زیادہ سے زیادہ 40 فیصد پریمیم حاصل کیا، جو مارکیٹ کی بھرپور دلچسپی اور کمپنی کی بنیادی مضبوطی، بہتر گورننس اور طویل مدتی ترقی کے امکانات پر مثبت اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ “
اس تاریخی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب فرخ ایچ سبزواری نے کہا،”آج پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ (PQGTL) کی لسٹنگ پہلی ایسی لسٹنگ ہے جو T+1 سیٹلمنٹ سائیکل کے آغاز کے ساتھ ہوئی، جو ہماری مارکیٹ انفراسٹرکچر میں ترقی اور جدت کی علامت ہے۔ اس آئی پی او کو بے مثال ردِعمل ملا ہے جو پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کے گہرے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ PQGTL پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہونے والی پہلی شریعہ کمپلائنٹ جنرل انشورنس (نان لائف تکافل) کمپنی ہے، جس سے اسلامی مالیاتی آلات کا دائرہ وسیع ہوا ہے اور شفافیت و گورننس کے نئے معیار قائم ہوئے ہیں۔ سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی شریعہ کمپلائنٹ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے اور پاکستان کے اسلامی مالیاتی نظام پر اعتماد کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ ہمیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس تاریخی گونگ تقریب کی میزبانی پر فخر ہے، جو اسلامک انشورنس سیکٹر کو مضبوط کرتی ہے اور پاکستان کو جدید اور جامع مالیاتی حل کے مرکز کے طور پر اجاگر کرتی ہے۔“
اس تاریخی تقریب میں پاک قطر گروپ کے بورڈ ممبران اور سینئرمینجمنٹ سمیت سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، عارف حبیب لمیٹڈ،نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمٹیڈ(این سی سی پی ایل)، سینٹرل ڈپازیٹری کمپنی (سی ڈی سی) کے نمائندوں اور مارکیٹ کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ یہ تقریب پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ کے لیے پبلک لسٹڈ ادارے کے طور پر ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو پاکستان میں اسلامک انشورنس اور کیپٹل مارکیٹ کے نظام کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار کی توثیق کرتی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پاک قطر جنرل تکافل لمیٹڈ کی کامیاب لسٹنگ نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے شریعہ کمپلائنٹ سرمایہ کاری کی راہیں ہموار کرتی ہے بلکہ جنرل تکافل کے شعبے میں شفافیت، وسعت اور مارکیٹ کے اعتماد کے نئے معیار بھی قائم کرتی ہے۔ کمپنی اس سنگ میل سے حاصل ہونے والی رقم کو بروئے کار لاتے ہوئے مصنوعات میں جدت، رسائی میں اضافے ، ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی اسلامی مالیاتی صنعت کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا عزم رکھتی ہے