اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے صدر عارف علوی سے الیکشن کمیشن حکام کی ملاقات کے منٹس سپریم کورٹ میں پیش کردیے۔
سپریم کورٹ میں عام انتخابات کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کررہا ہے جس میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللّٰہ شامل ہیں۔
اٹارنی جنرل کے مطابق الیکشن کمیشن حکام عدالت کے حکم پر صدرِ مملکت سے ملے۔
عدالت میں چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو میٹنگ منٹس پڑھنے کی ہدایت کی جس پر اٹارنی جنرل نے میٹنگ منٹس پڑھ کر سنائے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کی منظوری سے میٹنگ منٹس منظور ہوئے، صدرِ مملکت سے چیف الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران ملے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ صدرِ مملکت کے دستخط کہاں ہیں؟
اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ صدرِ مملکت کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی تھی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ صدر کے دستخط کروا کر لائیں تو پیغام بھیج دیجیے گا۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔