صوبۂ پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ میں کمی کے باعث اتوار تک نافذ اسمارٹ لاک ڈاؤن اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتِ پنجاب کے فیصلے کے بعد آج بازار کھلیں گے جبکہ ریسٹورنٹس بھی شام 6 بجے کے بعد کام کر سکیں گے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں اسموگ کے باعث گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
’جیو نیوز‘ کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہے کہ 10 نومبر سے 12 نومبر تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور وزیر آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہو گا۔
کمشنر کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام اسکول، دفاتر، مارکیٹیں، تفریحی مقامات، شادی ہال، سنیما گھر بند رہیں گے جبکہ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے پر دفعہ 144کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔