83

ٹک ٹاک نے پاکستان میں 3 ماہ کے دوران تقریباً سوا کروڑ ویڈیوز حذف کردیں

ٹک ٹاک نے پاکستان میں تین ماہ کے دوران تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ ویڈیوز حذف کردیں۔

مشہور سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سے تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ ویڈیوز کو حذف کردیا۔

حذف کی جانے والی ایک کروڑ 24 لاکھ 90 ہزار 309 ویڈیوز کے ساتھ پاکستان، جنوری سے مارچ 2022ء کے درمیان کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں کے باعث حذف کیں گئی ویڈیوز کے اعتبار سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہا۔

پاکستان میں ٹک ٹاک کے ترجمان کے مطابق کیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک میں کسی بھی ویڈیو کو اُس کے دیکھے جانے سے قبل حذف کرنے کی شرح 96.5 فیصد اور 24 گھنٹے کے اندر حذف کیے جانے کی شرح 97.3 فیصد رہی۔

ٹک ٹاک کے ذریعے پاکستانی ویڈیوز حذف کیے جانے کی شرح 98.5 فیصد رہی۔

رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے تناظر میں ٹک ٹاک میں تحفظ کی ٹیم نے یوکرین جنگ پر توجہ مرکوز رکھی اور 41,191 ویڈیوز حذف کیں جن میں سے 87 فیصد ویڈیوز ٹک ٹاک کی پالیسیوں کے خلاف تھیں۔

ٹک ٹاک نے 2022 کی پہلی سہ ماہی یعنی جنوری تا مارچ کیلئے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے۔

اس رپورٹ میں کمیونٹی کے تحفظ اور پلیٹ فارم پر صلہ رحمی کو فروغ دینے کے لیے اُس کے عزم کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ محفوظ اور خوشگوار ماحول میں کام کرنے کے ساتھ ایک جوابدہ ادارے کی حیثیت سے اعتماد کے حصول کے لیے جاری عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کوششوں میں تبصرے کے شعبے میں حقیقی مشغولیت کو فروغ دینا، تخلیق کاروں کے لیے تحفظ کے حوالے سے یاد دہانیاں اور کمیونٹی کے وسیع رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کرنا شامل ہیں۔

امریکہ میں ایک کروڑ 40 لاکھ 44 ہزار 224 ویڈیوز حذف کیں گئیں جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد ہے اور اس طرح امریکہ پہلے نمبر پر رہا۔

اس سہ ماہی میں عالمی سطح پر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیں گئی ویڈیوز میں سے 10 کروڑ 23 لاکھ 5 ہزار 516 ویڈیوز حذف کیں گئیں جو کل تعداد کے تقریباً 1 فیصد کی نمائندگی کرتی ہے۔

ٹک ٹاک نے روسی ریاست کے زیر کنٹرول 49 میڈیا اکاؤنٹس کے مواد کو بھی لیبل کیا۔

رائے عامہ پر اثر انداز ہونے اور استعمال کنندگان کو اُن کی شناخت کے بارے میں گمراہ ہونے سے بچانے کے لیے کی جانے والی مربوط کوششوں کے طور پر اس پلیٹ فارم نے عالمی سطح پر 6 نیٹ ورکس اور 204 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی اور اْنہیں حذف کردیا۔

رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ 2022 کی پہلی سہ ماہی میں ٹک ٹاک کی اشتہاری پالیسیوں اور مرکزی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر حذف کیے گئے اشتہارات کے کل حجم میں اضافہ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں