8

اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کو اب کوئی نہیں روک سکتا‘وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ہر میدان میں بازی لے گیا، اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔جب میں اقتدار میں آئی تو کہا گیا حکومت اور امن وامان قائم رکھنا عورت کا کام نہیں، آج دنیا پنجاب کی مثالیں دے رہی ہے۔ وہاڑی، لودھراں، قصور،گجرات، نارووال، شیخوپورہ،ننکانہ صاحب میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح،خواتین، طلبہ،معمر ، معذور افراد کیلئے سفر بالکل مفت۔سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات اور امدادی کیمپوں میں بروقت منتقل کیا جارہا ہے، ہر بنس پورہ میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار۔ پنجاب گڈ گورننس، ترقی اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں خواتین حکومت، پولیس،کمشنرز، ڈی پی اوز اور وزیر اعلیٰ کے عہدے پر موجود ہیں۔ پنجاب ہر میدان میں بازی لے گیا ہے۔جس ملک کی 51 فیصد آبادی ترقی کے عمل میں اپنا حصہ ڈال رہی ہو، اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لیڈی ریکروٹ کلاس18 کورس کی پاسنگ آوٹ کی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں کی یہ ہمت دیکھ کر آپ کی وزیر اعلیٰ آپ پر بے حد فخر محسوس کرتی ہے۔ٹریننگ کالج میں تیسرا دورہ ہے، جب بھی آتی ہوں تو یہ میرے لیے رونگٹے کھڑے کر دینے والے لمحات ہوتے ہیں۔ پورے پنجاب سے آئیں بیٹیوں نے جس طرح بھاری اسلحے کی تربیت حاصل کی قابل تعریف ہے۔ بیٹیو آپ کی تین چین آف کمانڈز ہیں ہمیشہ یونیفارم،والدین اور ڈیوٹی کا مان رکھنا۔ وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ ان کے عظیم والدین، رشتہ داروں اور تمام خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ جتنی لائق بیٹیاں ہیں، اتنے ہی عظیم وہ والدین ہیں جنہوں نے معاشرے کی بوسیدہ رسومات کی پروا کیے بغیر انہیں ملک کی خدمت کے لیے بھیجا۔ میں والدین کو شاباش دینا چاہتی ہوں اور ان کے اس تعاون کا اعتراف کرتی ہوں۔ والدین نے ملک کے لیے وہ عظیم خدمت سرانجام دی ہیں کہ یہ وطن ہمیشہ ان کا قرض دار رہے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ یہ پنجاب کی تاریخ میں خواتین کا سب سے بڑا بیچ ہے جس میں 1156 بیٹیاں شامل ہیں۔ پنجاب پولیس میں اس وقت 6 ہزار سے زائد خواتین اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں۔ جو یونیفارم آپ نے پہنی ہے، یہیں سے آپ کی اصل ذمہ داری کا آغاز ہوتا ہے۔ یونیفارم ایک بہت بڑی ذمہ داری اور قرض ہے، جسے ایمانداری، محنت اور انصاف سے لوٹانا ہے۔ میں نے یونیفارم نہیں پہنی پر مجھے ہر لمحہ اس کے وقار اور قدسیت کا احساس رہتا ہے۔ ہمیں پنجاب کے شہروں، سڑکوں اور گلیوں کو اپنی بیٹیوں کے لیے مکمل طور پر محفوظ بنانا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے کہ پنجاب کی بچیاں اب خود اعتمادی سے سکوٹیز چلا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں