لاہور( میاں عصمت سے ) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے ۔ وہ کچھ عرصہ سے علالت کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نائب امراء لیاقت بلوچ، پروفیسر ابراہیم، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، ڈاکٹر اسامہ بن رضی سیکریٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور دیگر رہنماؤں نے ان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ مرحوم کے لیے بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اقامت دین کی جدو جہد میں گزاری۔
امیرالعظیم اسکول کے زمانہ سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ساتھ وابستہ ہو گئے تھے۔ پنجاب یونیورسٹی طلباء یونین کے منتخب صدر رہے، بعدازاں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر فرائض سر انجام دیے۔ زمانہ طالب علمی میں امیر العظیم نے ضیاء الحق دور میں طلبہ یونین کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور اس کے لیے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں، اسی قید کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر انھیں منتخب کر لیا گیا۔
امیر العظیم ایک طویل عرصہ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رہے۔ اس کے بعد جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری جنرل اور امیر کے طور پر فرائض انجام دیے، بعدازاں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کے طور پر خدمات نبھائیں۔ 2019ء میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکزی مجلس شوریٰ کے مشورے سے امیرالعظیم کو جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیا۔
امیر العظیم فیوچر ویژن کمیونیکیشن کے چیف ایگزیکٹو تھے اور سیاسی، سماجی و صحافتی حلقوں میں اپنی نرم خوئی اور بہترین تعلقات کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔ امیر العظیم ایک بہترین منتظم اور مربی تھے، جماعت اسلامی کے کارکنان مختلف دعوتی، تربیتی اور تنظیمی پروگرامات میں ان کے فکری خطابات سے مستفید ہوتے تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات نماز عصر کے بعد منصورہ میں ادا کی جائے گی-
38