67

پرنس منصور بن محمد السعود کا وفد کے ہمراہ عبدالعلیم خان سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ، تعاون کی یقین دہانی

لاہور(ٹیوٹرپاکستان) سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے علاوہ موٹرویز اور اہم منصوبوں پر سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سعودی بزنس کونسل کو پاکستان کے تیزی سے پھیلتے ہوئے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی اور خاص طور پر ملک بھر میں جاری نئی موٹرویز اور اہم ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کی تعمیر کی اہمیت کو اجاگر کیا۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے موزوں ترین منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات نے M6 (سکھر-حیدرآباد)، M10 (کراچی پورٹ) اور M13 (کھاریاں-راولپنڈی) موٹروے منصوبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کی پیشکش کی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یہ مخصوص تجارتی راستے انتہائی قابل عمل، تجارتی لحاظ سے منافع بخش اور اپنی نمایاں تجارتی اہمیت کے باعث سعودی کاروباری برادری کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع کے حامل ہیں۔ سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود نے ان مخصوص موٹرویز کے منصوبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کونسل پاکستان کے مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں وسیع تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے پاک سعودی وفد کو یقین دلایا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو انتہائی قابل عمل اور منافع بخش انویسٹمنٹ ماڈلز فراہم کیے جائیں گے جو کہ ملک میں پھیلتا ہوا روڈ نیٹ ورک خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرپا، آزمودہ اور گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور ہر پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ گہرا مذہبی اور دلی لگاؤ رکھتا ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کے لیے خیر سگالی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود نے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کو اپنے فورم کے ذریعے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اپنے دورہ پاکستان کے نتائج کے حوالے سے اچھی امید کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے ایک بار پھر اس امر پر زور دیا کہ قومی منصوبوں میں سعودی عرب کے اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور سعودی پاک بزنس کونسل کا پلیٹ فارم دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کا باعث بنے گا۔وفاقی سیکرٹری مواصلات اور دونوں اطراف سے سینئر حکام بھی اس اجلاس میں موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں