332

ٹیپو سلطان کے وارث مرنا پسند کریں گے بے غیرتی کی زندگی جینا نہیں،علی محمد خان

(کراچی نیوز)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہے مگر ایٹم بم سجانے کیلئے نہیں رکھا، ٹیپو سلطان کے وارث مرنا پسند کریں گے بے غیرتی کی زندگی جینا نہیں چاہیں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ ن لیگ کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر میں کشمیر اور کمپوزٹ ڈائیلاگ کا ذکر ہونا چاہئے تھا، پاکستان او آئی سی کو مجبور کرنا چاہئے کہ بھارتی وزیرخارجہ کو دی دعوت واپس لے۔پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پاکستان سفارتی سطح پر کافی تنہائی کا شکار ہے، بھارتی جارحیت کے باوجود کوئی ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔سشما سوراج کی وجہ سے ہمیں او آئی سی اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے، بھارتی پالیسی میکرز جنگی جنونیت کے ہاتھوں یرغمال بن گئے ہیں، وزیرمملکت علی محمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو ہم جنگ میں نہیں جھونکنا چاہتے، جنگ ناگزیر ہوگئی تو مودی کو محمد بن قاسم اور محمود غزنوی بھی یاد دلادیں گے،جنگ تھوپی گئی تو پاکستان کی فوج پانچ لاکھ نہیں بائیس کروڑ ہوگی مودی کارکردگی دکھا نہیں سکا اب چار پانچ بم مار کر الیکشن جیتنا چاہتا ہے، پاکستان میں تو کم سن بچے بھی جہاد کیلئے تیار ہیں، او آئی سی اجلاس میں بھارتی وزیرخارجہ کو مدعو کرنے پر سخت تحفظات بھیج دیئے ہیں، دل کہتا او آئی سی اجلاس میں نہ جائیں لیکن عقل کہتی ہے کہ ہندو ستانی بنیے کو وہاں ایسا جواب دیں کہ اس کی نسلیں یاد رکھیں۔ ن لیگ کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ بھارت میں الیکشن پاکستان کے نام پر لڑے جاتے ہیں، مودی کا مقصد دہشتگردی کا خاتمہ نہیں بلکہ الیکشن جیتنا ہے، پاکستان اس خطے میں کسی کی اجارہ داری قائم نہیں ہونے دے گا، انڈیا کے دو جہاز اور ہیلی کاپٹر گراکر ہم نے اپنے ملک کا دفاع کر کے دکھا دیا ہے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے ساتھ اس کی بنیادی وجوہات پر بھی بات کرنا ہوگی، او آئی سی اجلاس میں سشما سوراج کا چیف گیسٹ بننا سمجھ میں نہیں آتا ہے، پاکستان کو او آئی سی کو مجبور کرنا چاہئے کہ بھارتی وزیرخارجہ کو دی دعوت واپس لے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں