28

جہاں آراء منظور وٹو کی سندس فاؤنڈیشن، یاسین خاں کی خصوصی دعوت پر ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کی تقریب میں خصوصی شرکت

وائس چیئرپرسن، پی ایس پی اے، جہاں آراء منظور وٹو نے صدر سندس فاؤنڈیشن،محمد یاسین خان کی خصوصی دعوت پر

سندس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں گیسٹ اف اونر کے طور پر شرکت کی،

جہاں اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب، سردار سلیم حیدر خان تھے۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور تھیلیسیمیا کے مرض،

اس کی وجوہات، بروقت تشخیص، علاج اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے خون کے عطیات، شادی سے قبل اسکریننگ اور عوامی شعور کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنے خطاب میں وائس چیئرپرسن، جہاں آراء منظور وٹو نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک ایسا مرض ہے جو مسلسل طبی توجہ، باقاعدہ خون کی فراہمی، ادویات اور نگرانی کا تقاضا کرتا ہے، تاہم یہ ایک قابلِ روک بیماری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص، شادی سے قبل ٹیسٹنگ، جینیاتی مشاورت اور عوامی آگاہی کے ذریعے ہزاروں بچوں کو اس تکلیف سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
وائس چیئرپرسن نے بتایا کہ پی ایس پی اےکے تحت آغوش پروگرام کا میابی سے جاری ہے، جو حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور دو سال تک کے بچوں کی ماؤں کو صحت اور غذائیت سے متعلق سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خواتین کو 38 ہزار روپے تک کی مالی معاونت دی جاتی ہے تاکہ وہ بروقت طبی معائنہ، مناسب غذائیت اور بچوں کی بنیادی ضروریات بہتر طور پر پوری کر سکیں۔
اس کے علاوہ، وائس چیئرپرسن نے مزید کہا کہ تحقیق کے مطابق زندگی کے پہلے ایک ہزار دن، یعنی حمل کے آغاز سے لے کر بچے کے 24 ماہ تک کا عرصہ جسمانی، ذہنی اور دماغی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے، اور آغوش پروگرام اسی نازک مرحلے میں ماں اور بچے کی صحت و غذائیت کو یقینی بنا کر مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے اور پنجاب کے 13 اضلاع میں فعال یہ پروگرام اس عزم کی عملی مثال ہے کہ ایک صحت مند ماں ہی ایک صحت مند نسل کی ضامن ہے۔
مزید برآں، گورنر پنجاب، سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں تھیلیسیمیا کے مرض کی سنگینی، اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور عوامی آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بروقت اسکریننگ، محفوظ خون کی دستیابی اور معاشرتی سطح پر شعور پیدا کیے بغیر اس مرض پر مؤثر قابو پانا ممکن نہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وائس چیئرپرسن جہاں آراء منظور وٹو کی زیرِ صدارت پی ایس پی اے سماجی تحفظ اور عوامی فلاح کے میدان میں قابلِ قدر اقدامات کر رہی ہے، جو حکومتِ پنجاب کے ویژن کی عملی تصویر ہیں، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت عامہ کے شعبے میں ایسے تمام اقدامات کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی جو کمزور طبقات کو سہارا دینے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں