وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، جہاں آراء منظور وٹو نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، علی مصطفیٰ ڈار صاحب سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سماجی تحفظ کے پروگراموں، اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
علی مصطفیٰ ڈار صاحب اور جہاں آراء وٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ بنے گا جو سماجی تحفظ کے شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال کے ذریعے مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کی جانب گامزن ہوگا۔
اس موقع پر وائس چیئرپرسن جہاں آراء منظور وٹو نے کہا کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی صوبے کے مستحق اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے گا۔ یہ اشتراک پنجاب میں سماجی تحفظ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
علی مصطفیٰ ڈار صاحب نے جہاں آراء منظور وٹو کی قیادت میں ڈیجیٹل پنجاب کے وژن کے تحت سماجی تحفظ کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کو شفاف، تیز رفتار اور مؤثر سہولیات کی فراہمی کی ضمانت ہے — اور یہی ڈیجیٹل پنجاب کا اصل ہدف ہے۔