227

700 سے زائد ہیلتھ پروفیشنلز کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں: ڈاکٹر اسفند یار

چیئرمین ینگ کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن اسلام آباد ڈاکٹراسفند یار کا کہنا ہے کہ عالمگیر وبا کورونا سے اب تک 700 سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز اور ڈاکٹرز متاثر ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر اسفند یار کا اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے معاملے سے متعلق کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز اور ڈاکٹرز وہ ہیں جوآئسولیشن وارڈ کے باہر ڈیوٹی کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے حفاظتی کٹس کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت کے لیے اقدامات کرے کیونکہ متاثر ہونے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جنہیں حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو این 95 ماسک، فیس شیٹ، گلوز اور کٹس فراہم کی جائیں۔

انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں، انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں سب سے اہم فیصلہ او پی ڈیز کھولنے کا ہے، ایک دم او پی ڈیز کھولنے سے رش اور کیسوں میں اضافے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کرنے کا اعلان کیا تھا، آج سے ملک بھر میں مارکیٹیں کھل گئی ہیں، ضروری ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں