243

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزراء سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی،گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں

لاہو(ٹیوٹرپاکستان) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزراء سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ صوبائی وزراء کو اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹ تیار کر کے وزیراعلیٰ آفس پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کارکردگی رپورٹ تیار کرنے کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ صوبائی وزراء جاری کردہ گائیڈ لائنز کے تناظر میں اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹ تیار کریں گے۔ پالیسی ریفارمز اور اہم اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی محکمے معلومات فراہم کریں گے۔ محکمے آٹومیشن اور آ ن لائن سروس ڈلیوری پر پیشرفت کی بھی رپورٹ دیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی محکمے تفصیلات دیں گے۔ صوبائی وزراء سے عوام کی فلاح و بہبود اورانہیں سہولتیں مہیا کرنے کیلئے کئے جانے والے خصوصی اقدامات کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ موجودہ قانون سازی میں ترامیم اور نئی قانون سازی کے حوالے سے بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ صوبائی وزراء کفایت شعاری کے لئے کئے گئے اقدامات کی بھی رپورٹ پیش کریں گے۔ محکموں میں ا صلاحات او رمستقبل کے اہداف کے بارے میں بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی۔
 ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کیلئے ٹیلی مانیٹرنگ: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کیلئے ٹیلی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کا میکانزم بنا لیا ہے۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اور ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت ہیں، ان کی بروقت تکمیل بہت اہم ہے۔ منصوبو ں کی نگرانی کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں لوٹ مار قصہ پارینہ ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دور دراز علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کا رویہ برداشت نہیں۔ ترقیاتی منصوبے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنائے جاتے ہیں، کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ شہر شہر دورے کرکے ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ہر بڑے چھوٹے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر نظر ہے، بے ضابطگیاں نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان، ایم این اے امیر سلطان، ارکان صوبائی اسمبلی رانا شہباز احمد اور عمر فاروق شامل تھے۔
 بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت:  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حملے میں سکیورٹی فورسز کے شہید میجر اور جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے حقیقی ہیرو ہیں اور قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر اور ان کے ساتھیوں نے قربانی کی لازوال داستان رقم کی۔ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف یکجان ہے۔
شیخوپورہ میں 8 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس، آر پی او سے رپورٹ طلب، ملزمان کی گرفتاری کا حکم:  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے علاقے میں 8 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔
کبیروالا میں نوجوان پر تشدد کرنیوالے3 ملزمان گرفتار، دیگر کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے:  وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ضلع خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں اغواء کے بعد نوجوان پر تشدد کے واقعہ کے نوٹس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 3 ملزمان احسن، اللہ دتہ اور عباس کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں