محکمہ داخلہ پنجاب نے مسیحی برادری کے تہوار گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کیلئے سکیورٹی انتظامات بارے تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری جمعہ 18 اپریل کو گڈ فرائیڈے، اتوار 20 اپریل کو ایسٹر اور مجموعی طور پر مقدس ہفتہ منا رہے ہیں۔ اس دوران گرجا گھروں میں عبادت اور دعائیہ تقریبات کے علاوہ تفریحی مقامات کا بھی رخ کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مسیحی عبادت گاہوں، رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام شہری مراکز، تفریحی پارکس، شاپنگ سینٹرز اور سنیما ہالز پر بھی توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے مسیحی عبادت گاہوں اور رہائشی علاقوں میں ہائی ریزولوشن CCTV کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی جبکہ تمام اضلاع میں قائم کردہ کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول سے منسلک کیا جائے گا۔ اس دوران تمام ہوٹلز، سرائے اور ریسٹ ہاؤسز میں ہوٹل آئی سافٹ وئیر کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیوں اور امن کمیٹیوں کا انعقاد کیا جائے اور مقدس ہفتہ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مسیحی برادری کے رضاکار بھی ہائی الرٹ رہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ گرجا گھروں کے تمام داخلی راستوں پر سخت اور بلاامتیاز چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔ انتظامیہ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر فراہم کرے گی۔ تمام اضلاع میں سیکورٹی پلان کیساتھ ٹریفک مینجمنٹ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے تمام ضروری مشقیں مکمل کر رہے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے نشاندھی کردہ علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور کومبنگ آپریشنز مکمل کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین انٹیلیجنس شئیرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ذاتی طور پر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ محکمہ داخلہ نے جاری کردہ سکیورٹی آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں خامیوں کو دور کرنے اور موثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈویژنل اور ضلعی انٹیلیجنس کمیٹیوں کے اجلاس بلا کر حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ تقریبات کے اختتام تک ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ امن و امان کے قیام اور انسانی جان و مال کی حفاظت کیلئے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا
65