78

سی بی ڈی پنجاب کا والٹن فلائی اوور پر سولر پینلز نصب کرنے کا اعلان

شہری ترقی کو پائیدار بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جسے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے اعلان کیا ہے کہ سی بی ڈی روٹ 47 پر واقع والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور کے پیدل چلنے والوں کے راستے پر سولر پینلز نصب کیے جائیں گے۔ اس منصوبے سے ایک میگا واٹ تک بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے، جو جدید انفراسٹرکچر کو صاف اور قابل تجدید توانائی سے ہم آہنگ کرنے کی ایک منفرد کوشش ہے۔

پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص یہ راستہ نہایت خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں دونوں اطراف سی این سی پینلز استعمال کیے گئے ہیں۔ یہ راستہ سولر انرجی سسٹم کے لیے بنیاد کا کام دے گا۔ یہ منصوبہ سی بی ڈی پنجاب کے ماحولیاتی استحکام اور جدید شہری منصوبہ بندی کے لیے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے توانائی کے فروغ اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اتھارٹی کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا،”سی بی ڈی پنجاب پائیدار شہری ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر سولر پینلز کی تنصیب ہماری ایسی مستقبل کی سوچ کی نمائندگی کرتی ہے جو توانائی کی بچت اور ماحول کی بہتری پر مبنی ہو۔”

سی ای او عمران امین نے مزید کہا کہ سی بی ڈی پنجاب بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے، جو نہ صرف ماحولیاتی اثرات کو کم کرے گا بلکہ قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کو بھی فروغ دے گا۔یہ منصوبہ قابل تجدید توانائی کی پیداوار کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور سی بی ڈی پنجاب کے ماحولیاتی پائیداری اور ترقی پسند شہری ترقی میں قائدانہ کردار کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر سولر پینلز کی تنصیب، کمیونٹی اور ماحولیات کے اجتماعی فائدے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے سی بی ڈی پنجاب کے عزم کی بھرپور مثال ہے۔

Caption:
سی بی ڈی روٹ 47پر سی بی ڈی ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر سولر پینلز کی تنصیب کے لئے لگائے گے سی این سی پینلز۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں