69

عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ حسینؒ کی نسبت سے منسوب “میلہ چراغاں” روایتی جوش و خروش اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ منایا گیا

: پنجاب حکومت کے زیر اہتمام لاہور کے تاریخی باغ شالامار گارڈن میں 67 سال کی طویل مدت کے بعد عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ حسینؒ کی نسبت سے منسوب “میلہ چراغاں” روایتی جوش و خروش اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ منایا گیا۔ اس میلے کی اختتامی تقریب ایک بھرپور عوامی اجتماع میں تبدیل ہو گئی، جس میں ہر عمر اور طبقے کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر خزانہ پنجاب تھے، جنہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس امر پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب نے ایک عظیم ثقافتی روایت کو دوبارہ زندہ کر کے نہ صرف ماضی سے جُڑنے کا موقع فراہم کیا ہے بلکہ عوام کو امن، آشتی، اور روحانی سکون سے بھرپور ماحول بھی مہیا کیا ہے۔
انہوں نے کہا: “یہ میلہ صرف ایک روایتی تہوار نہیں بلکہ پنجاب کے عوام کے لیے امن و آشتی، بھائی چارے اور باہمی یگانگت کی علامت ہے، جو ہر طبقے، نسل اور عقیدے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔ یہ ہماری تہذیبی روح کا مظہر ہے، جو صوفیاء کے پیغامِ محبت کا تسلسل ہے۔”
وزیر خزانہ پنجاب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ: “آج پنجاب پاکستان کا وہ واحد صوبہ ہے جہاں حقیقی معنوں میں عوام کو کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یہ سب کچھ محترمہ مریم نواز شریف کی مدبرانہ قیادت، عملی وژن، اور عوامی فلاح کے لیے غیر متزلزل عزم کا ثمر ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ 67 سال بعد شالامار گارڈن میں میلہ چراغاں کا انعقاد موجودہ حکومت کی ثقافت دوست پالیسیوں اور ورثہ بحالی کے سفر میں ایک سنگِ میل ہے۔ حکومت پنجاب نے اس تقریب کے لیے بہترین انتظامات کیے، جن میں سیکیورٹی، صفائی، عوامی سہولیات، پارکنگ، اور فنکاروں کی شرکت شامل تھی۔ اس میلے نے شہریوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ روحانی مسرت بھی بخشی۔
تقریب کے دوران صوفی موسیقی، علاقائی رقص، لوک داستانوں، اور روایتی کھانوں نے عوامی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ شالامار گارڈن روشنیوں سے جگمگا رہا تھا، اور ہر طرف ایک خوشگوار اور پرامن فضا قائم تھی، جس نے پنجاب کے زندہ دل کلچر کا حسین منظر پیش کیا۔
وزیر خزانہ نے آخر میں محکمہ اطلاعات و ثقافت، پنجاب ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، فنکاروں، اور تمام منتظمین کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کیا، جن کی شب و روز محنت سے یہ تقریب ایک کامیاب اور یادگار روایت بن کر ابھری۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت پنجاب مستقبل میں بھی ایسے ثقافتی میلوں کو فروغ دیتی رہے گی تاکہ نوجوان نسل اپنی تہذیب سے جڑتی رہے اور دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر ہو

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں