71

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مولانا رومی اور حضرت سلطان باہو پر بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ برصغیر کی سرزمین پر اسلام کی روشنی پھیلانے کا سہرا عظیم اولیاء اور صوفیاء کرام کو جاتا ہے اور انہی ہستیوں نے اپنی تعلیمات اور تبلیغ کے ذریعے اسلام اور امن کا پیغام عام کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آٹھویں بین الاقوامی مولانارومی اور حضرت سلطان باہو کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ اس اہم علمی و فکری کانفرنس کا انعقاد مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جس میں ملکی و غیر ملکی اسکالرز، شعرا، ادبا، اور مفکرین نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسلم انسٹیٹیوٹ کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ نوجوان نسل کو صوفیاء کرام کی تعلیمات سے روشناس کرانے میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔
خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم یہاں مولانا جلال الدین رومی اور حضرت سلطان باہو جیسے عظیم صوفی شعراء و اولیاء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ برصغیر میں اسلام کی روشنی پھیلانے میں اولیاء کرام کا کلیدی کردار رہا ہے، جنہوں نے امن، محبت، بھائی چارہ اور اخلاق کی بنیاد پر دین اسلام کا پیغام عام کیا۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ صوفیائے کرام نے اپنی تعلیمات اور کردار کے ذریعے نہ صرف دین کی خدمت کی بلکہ مقامی زبانوں میں شاعری اور خطابت کے ذریعے اللہ کے پیغام کو ہر دل میں اتارا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کے دور میں شدت پسندی اور عدم برداشت نے معاشرتی ہم آہنگی کو متاثر کیا ہے۔
اپنے خطاب میں سید یوسف رضا گیلانی نے اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر محترم صاحبزادہ سلطان احمد علی صاحب، چیرمین مسلم انسٹیٹیوٹ،محترم سلیم مظہر صاحب کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ موجودہ شدت پسندی کے برعکس، مسلمان حکمرانی کے دور میں بین المذاہب ہم آہنگی تھی۔ حضرت سلطان باہو مولانا رومی اور دیگر اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے اسلامی فوبیا جیسے چیلنجز سے با آسانی نمٹا جا سکتا ہے،دنیا ہمیں کسی اور نظر سے دیکھتی ہے۔مذہب اسلام محبت، اخوت اور امن کا درس دیتا ہے۔ حضرت سلطان باہو اور مولانا رومی کے پیغام پر عمل کر کے ہم موجودہ مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اولیاء و صوفیہ کرام نے عدم برداشت کو مسترد کیا عدم برداشت، تفرقہ بازی کی وجہ تصوف سے دوری ہے۔ تحمل، برداشت، اخوت اور ہم آہنگی کے لیے صوفیاء کی جماعت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے مذید کہا کہ نوجوان جدید علوم کے ساتھ ساتھ روایات سے بھی تعلق رکھیں۔ نوجوان صوفیاء کرام کے پیغام سے معاشرے میں امن و محبت کو فروغ دیں۔دین کی خدمت ہی اصل خدمت ہے۔ شرکاء نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے خطاب کو سراہا اور بھرپور انداز میں داد دی۔کانفرنس میں ملکی وغیر ملکی سکالر ادیب شاعر اور مفکرین شامل تھے۔
چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی کی قیادت میں منعقدہ بین الاقوامی تین روزہ “مولانا رومیؒ و حضرت سلطان باھوؒ انسان دوستی، امن و محبت اور رواداری کے پیامبر” کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ سلطان احمد علی صاحب نے کہا اولیاء کرام کی تعلیمات ہمیں محبت اور امن کا درس دیتی ہیں۔معاشرے کی شدت پسندی اور عدم برداشت کا حل صوفیاء کی پر امن تعلیمات سے ممکن ہے۔
صوفیاء کی تعلیمات سے ہم اپنے اخلاق و کردار کو سنوار کرپرامن معاشرے کے قیام کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ حضرت سلطان باھو ؒ پاکستان کا سافٹ امیج ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں