حضرت امام حسینؓ کا رسم چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے-
اس موقع پر نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، جبکہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس اور مجالس کا انعقاد ہوگا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔
کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستے کنٹینر رکھ کر بند کر دیئے گئے۔
ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ شاہراہِ قائدین سے آنے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ اور پیپلز چورنگی کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں حسن اسکوائر سے آنے والی ٹریفک شارع قائدین، سوسائٹی سگنل اور تین ہٹی کے راستے لسبیلہ چوک جا سکے گی۔ ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ، گارڈن اور نشتر روڈ کے ذریعے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو سکے گی۔