حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات آج اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند داتا دربار پر حاضری دے رہے ہیں اور عبادات و دعاؤں میں شریک ہیں۔
عرس کے آخری روز دربار پر خصوصی دعا، قرآن خوانی، محافلِ نعت، ذکر و اذکار اور دیگر روحانی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر دربار انتظامیہ نے لنگر، دودھ کی سبیل اور ٹھنڈے پانی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
زائرین کی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپس، ریسکیو سروسز اور رہنمائی مراکز بھی فعال ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
سکیورٹی کے پیش نظر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ دربار اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب عرس کی تقریبات کے باعث لاہور میں آج مقامی تعطیل ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک اور سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت متعدد سڑکوں پر ٹریفک ڈائیورژن کیے گئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران متبادل راستے اختیار کریں۔