2

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی سڈنی میں قونصل جنرل قمر زمان سے ملاقات

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے دورۂ آسٹریلیا کے دوران سڈنی میں پاکستان کے قونصل جنرل قمر زمان سے ملاقات کی، جس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی، تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چوہدری شعیب حنیف، چوہدری اسلم کہلو اور نصیر تاثیر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتی برادری کی ترقی اور بااختیاری کے لیے شروع کیے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا، جن میں مائنارٹی کارڈ پروگرام، ڈیجیٹل لٹریسی اور ای لرننگ منصوبے، سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے پروگرام، اسکول سے باہر بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات اور مذہبی ورثے کی بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کو تعلیم، روزگار اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہی وژن دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی اقلیتی طلبہ کے لیے آسٹریلوی جامعات میں خصوصی اسکالرشپس اور تعلیمی کوٹہ حاصل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ ڈیجیٹل لٹریسی، تعلیم اور معاشی بااختیاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے قونصل جنرل قمر زمان کو تاریخی کرتارپور راہداری کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کے عملی اقدامات کا مشاہدہ کر سکیں۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقلیت دوست اقدامات اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی وژن کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے مشن کے ساتھ آسٹریلیا آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عوامی روابط، ثقافتی تبادلے اور شمولیتی ترقی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ سڈنی میں ہونے والی ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کے نئے امکانات روشن کیے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں