18

متوازن فرٹیلٹی ریٹ صحت مند خاندانوں، خواتین کو بااختیار بنانے، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ جہاں آراء منظور وٹو

وائس چیئرپرسن، پی ایس پی اے، جہاں آراء منظور وٹو نے پاپولیشن کونسل اور محکمۂ صحت و آبادی، پنجاب کے زیرِ اہتمام “پنجاب میں آبادی کے استحکام کے لیے خاندانی منصوبہ بندی میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت” کے موضوع پر منعقدہ علمی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی سینئر وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مریم اورنگزیب تھیں، جبکہ وزیرِ صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری صحت و آبادی، نادیہ ثاقب نے بھی شرکت کی۔ اپنے خطابات میں سینئر وزیر، مریم اورنگزیب، وزیرِ صحت ،خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری صحت، نادیہ ثاقب نےاس بات پر زور دیا کہ ماں اور بچے کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے ذریعے پنجاب میں پائیدار ترقی اور آبادی کے متوازن انتظام کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اپنے خطاب میں وائس چیئرپرسن، پی ایس پی اے ، جہاں آراء منظور وٹو نے کہا کہ متوازن فرٹیلٹی ریٹ صحت مند خاندانوں، خواتین کو بااختیار بنانے، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کو صرف صحت کے شعبے تک محدود رکھنے کے بجائے سماجی تحفظ، تعلیم، خواتین کی ترقی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے درمیان مربوط اشتراکِ عمل کو فروغ دینا ہوگا۔
وائس چیئرپرسن نے کہا کہ پنجاب حکومت کا آغوش پروگرام اس امر کی کامیاب مثال ہے کہ جب سماجی تحفظ، غذائیت، ماں اور بچے کی صحت اور مالی معاونت کو ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت یکجا کیا جائے تو صحت کے بہتر نتائج کے ساتھ خواتین اپنے مستقبل سے متعلق باخبر فیصلے کرنے کے قابل ہوتی ہیں۔
وائس چیئرپرسن نے مزید کہا کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (پی ایس ای آر) ایک جدید اور جامع ڈیٹا پلیٹ فارم ہے جو مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی، شواہد پر مبنی منصوبہ بندی اور وسائل کی مؤثر تقسیم میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، وائس چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ پی ایس ای آر جیسے جدید ڈیٹا سسٹمز اور آغوش جیسے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو باہم مربوط کرکے ماں اور بچے کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور فرٹیلٹی ریٹ میں مؤثر اور پائیدار بہتری لائی جا سکتی ہے۔
آخر میں، وائس چیئرپرسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، ترقیاتی شراکت دار، نجی شعبہ، سول سوسائٹی اور علمی ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے خواتین کی صحت، سماجی تحفظ اور خاندانی منصوبہ بندی کو فروغ دے کر پنجاب کی پائیدار ترقی کے اہداف کو مزید مؤثر انداز میں حاصل کر سکتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں