انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دے دیا، حسن علی 5 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
لارڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ابتدا میں ہی انگلینڈ کی ٹیم 2 قیمتی وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی، تاہم فل سالٹ کے 60 اور جیمز وینس کے 56 رنز کی بدولت ہوم ٹیم نے اپنا خسارہ کم کیا۔
ایک جانب پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی وکٹیں لیتے رہے تو دوسری جانب انگلش بلے بازوں کی جانب سے اپنی ٹیم کے لیے رنز بنا کر حصہ ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔
لوئر مڈل آرڈر بیٹسمین لوئس گریگوری کے 40 اور بائڈن کارس کے 31 رنز کی مدد سے انگلینڈ کی ٹیم 247 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور آل آؤٹ ہوگئی۔
حسن علی اسٹار بولر رہے جنھوں نے 51 رنز دے کر 5 حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ان کے علاوہ حارث رؤف دو جبکہ شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
خیال رہے کہ سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کو ہوم ٹیم کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کپتان بابر اعظم دوسرا میچ جیت کر سیریز میں واپس آنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔
قوانین کے مطابق اس میچ کو 47 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔