40

سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر خصوصی سیمینار، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور سماجی رہنماؤں کی شرکت

لاہور: ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے اور تھیلیسیمیا و

ہیموفیلیا کے مریضوں کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی عوامی جمہوریہ چین کے قونصل

جنرل لاہور جناب سن یان تھے جبکہ تقریب میں معروف صحافی و پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ، بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان (ستارۂ امتیاز)، ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیش خالد عباس ڈار،

ڈائریکٹر اسپیشل انیشی ایٹو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نصرت بقی، ماہرینِ تعلیم، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک ایسی عظیم نیکی ہے جسے دنیا کے تمام مذاہب یکساں اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ڈاکٹر بنتے ہیں، انجینئر بنتے ہیں اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرتے ہیں، لیکن جب کوئی شخص خون کا عطیہ دیتا ہے تو وہ براہِ راست انسانیت کی جان بچانے کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کو معاشرے کے حقیقی ہیروز قرار دیا۔
سن یان نے پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی صرف اسٹریٹجک یا سفارتی نوعیت کی نہیں بلکہ یہ دونوں اقوام کی ثقافت کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف دو ملکوں کی دوستی نہیں بلکہ انسانیت، باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کی دوستی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان میں صحت کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری جاری رکھے گا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
معروف صحافی اور پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ نے اپنے خطاب میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انسان دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ہزاروں مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان (ستارۂ امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کی زندگی کا انحصار رضاکارانہ خون عطیات پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے تاکہ کسی مریض کو خون کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے معزز مہمانوں، شرکاء اور خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن گزشتہ کئی دہائیوں سے انسانیت کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور مستقبل میں بھی اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرے گی۔
ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن خالد عباس ڈار اور ڈائریکٹر اسپیشل انیشی ایٹو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نصرت بقی نے بھی خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل میں سماجی ذمہ داری، رضاکارانہ خدمات اور خون عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان نے مہمانِ خصوصی چینی قونصل جنرل سن یان کو سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔ شرکاء نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے پیغام کو عام کرنے اور تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا کے مریضوں کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں