لاہور(ٹیوٹرپاکستان) خون کے عطیے کے عالمی دن کے موقع پر سی ٹی او لاہور ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی نے سندس فاؤنڈیشن لاہور سنٹر کا دورہ کیا، معزز مہمان کا استقبال ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن خالد عباس ڈار، ڈائریکٹر فنانس علی راؤف اور فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے کیا۔

ایس ایس پی عبد الرحیم شیرازی نے سندس فاؤنڈیشن میں زیرِ علاج تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کیے۔

اس موقع پر انہوں نے خود بھی خون کا عطیہ دیا جبکہ لاہور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے بھی رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات جمع کروائے۔
سی ٹی او لاہور ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج سندس فاؤنڈیشن آ کر بے حد خوشی ہوئی۔ سندس فاؤنڈیشن ایک ایسا ادارہ ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں اور برسوں سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ خون کے عطیے کے عالمی دن کی مناسبت سے میں یہاں آیا ہوں اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق تھیلیسیمیا اور دیگر امراض میں مبتلا بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ بچوں سے ملاقات کر کے دلی مسرت محسوس ہوئی۔
عبدالرحیم شیرازی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندس فاؤنڈیشن کا بھرپور ساتھ دیں، زکوٰۃ، عطیات اور خون کے عطیات کے ذریعے اس عظیم مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ منو بھائی مرحوم کی اس کاوش کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کو کسی بھی قسم کے تعاون کی ضرورت ہوئی تو لاہور پولیس ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور میری کوشش ہوگی کہ میں ہر تین ماہ بعد خون کا عطیہ دوں اور دوسروں کو بھی اس کارِ خیر میں حصہ لینے کی ترغیب دوں-
46