167

نو منتخب اسپیکر آزاد کشمیرانوار الحق اور ریاض گجرڈپٹی سپیکر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

تحریک انصاف کے انوار الحق آزاد کشمیر قانون سازی اسمبلی کے سپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے ہیں، ان کے مقابلے میں فیصل راٹھور اور نثاراں عباسی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی کے انوار الحق 32 ووٹ لے کر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے متفقہ امیدوار فیصل ممتاز نے پندرہ ووٹ لئے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ممبر اسمبلی چودھری ریاض گجر کو ڈپٹی سپیکر اسمبلی منتخب کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر کے لئے ریاض گجر کو 32 ووٹ ملے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نثاراں عباسی نے 15 ووٹ حاصل کئے۔
واضح رہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی نشستوں کی مجموعی تعداد 32 ہے۔ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تینوں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ ٹیکنوکریٹ، علما مشائخ اور سمندر پار کشمیریوں کی مخصوص نشستوں کیلئے ہونے والے انتخاب میں تحریکِ انصاف کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

علما و مشائخ کی نشست پر پی ٹی آئی کے پیر محمد مظہر سعید، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر رفیق نیئر اور سمندر پار کشمیریوں کی نشست پر محمد اقبال کامیاب ہوئے۔
آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر انوار الحق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔آزاد جموں کشمیر اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر انوار الحق سے سابق اسپیکر شاہ غلام قادر نے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب آزاد جموں کشمیر اسمبلی میں ہوئی۔
اپنا حلف اٹھانے کے بعد نئے اسپیکر انوار الحق نے سابق اسپیکر شاہ غلام قادر سے بطور رکنِ اسمبلی حلف لیا۔

نو منتخب اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری انوار الحق کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے۔
اس سے قبل آج صبح آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہوا جس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا تھا، شاہ غلام قادر نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا تھا۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے 49 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا، جبکہ 3 اراکین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے تھے۔

مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان، پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی اور چوہدری یاسین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے جس کی وجہ سے وہ حلف اٹھانے سے رہ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں