لاہور(ٹیوٹرپاکستان) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ پر فائرنگ ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہوگئے۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب بھی موجود تھے۔ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ کے نکلنے کے بعد پیش آیا۔
فائرنگ سے مبشر کھوکھر شدید زخمی ہوئے، انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دم توڑ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو حملہ آور گھات لگاکر گیٹ پر موجود تھے، وزیراعلیٰ کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑ لیا۔
گرفتار ملزم کا تعلق ملتان روڈ چوک ماناوالہ سے ہے۔ گرفتار ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ میرا چچا کچھ عرصہ قبل قتل ہوا تھا، چچا کا بدلہ لینے کے لئےملک گوگا کو قتل کیاتھا، مبشر کھوکھر چچا کے قتل میں ملوث تھا اس لئے گولیاں چلائیں۔
صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ پنجاب کوگیٹ پر چھوڑنے آئے تھے، فائرنگ کے واقعے کے بعد دعوت ولیمہ منسوخ کردی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق سزا یقینی بنائی جائے۔