98

صدرِ مملکت کا عید الاضحیٰ پر قوم کے نام پیغام

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج و قربانیاں قبول فرمائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے، دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔

اُنہوں نے کہا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے نفسانی خواہشات کی قربانی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے مشکل حالات سے دوچار ہے، مشکل حالات میں ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ ذاتی مفاد، حرص اور خود غرضی کی بجائے اخوت، ایثار، محبت اور غم خواری کے جذبات اپنانا ہوں گے، اپنے اردگرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں