اسلام آباد(صباح نیوز) پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک ملی نغمہ جاری کیا ہے جس میں پاک فضائیہ کی جانب سے بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ نغمے میں اس امر کو اجاگر کیا گیا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مظلوم مسلمانوں میں امید کی کرن روشن کی اور انہیں ایک قوم کی صورت میں متحد کر کے ان کے لئے ایک علیحدہ و آزاد وطن حاصل کیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ قائداعظم کی انتھک کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ ہم ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ نغمے میں اس عہد کی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر شاہین مادر وطن کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرے گا۔
89