بلوچستان کےضلع کوہلو کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک کیپٹن سمیت پانچ فوجی جوان جام شہادت نوش کر گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر 24 دسمبر 2022ء سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں ایک کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔اتوار کو دوران آپریشن لیڈنگ ٹیم کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کیپٹن فہد سمیت سرزمین کے چار دیگر بہادر بیٹوں لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون نےدہشت گردی کے بیرونی خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کر کے شہادت کو قبول کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن عناصر کی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں،سیکورٹی فورسز خون اور جان کی قیمت پر بھی دشمن کے مذموم عزائم کو چیلنج کرنے اور خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں،سیکورٹی فورسز مادر وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کوہلو میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا ہوا تھا جیسے ہی سیکورٹی اہلکار گاڑیوں میں معمول کا گشت کرتے ہوئے مین سڑک پر پہنچے تو بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت پانچ اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پرسیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال پہنچایا جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سر چ آپریشن شروع کر دیا ۔
87