پرنس آف ویلز ولیم اور پرنسز آف ویلز کیتھرین مڈلٹن نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے لندن کے ’ہیز مسلم سینٹر‘ میں قائم کیے گئے امدادی کیمپ کا دورہ کیا۔
ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلوں سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے جب کیٹ مڈلٹن کمیونیٹی سینٹر گئیں تو مسلمانوں کی ثقافت کے احترام میں اُنہوں نے اپنے سر کو دوپٹے سے ڈھانپا ہوا تھا۔
پرنسز آف ویلز کا اس دورے کے دوران پہنا سیاہ رنگ کی کڑھائی والا سفید دوپٹہ سوشل میڈیا پر موجود پاکستانی صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
عقابی نگاہیں رکھنے والے صارفین نے فوراََ پہچان لیا کہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستانی ڈیزائنر ایلان کا ڈیزائین کردہ سفید رنگ کے سوٹ کا دوپٹہ پہنا ہے جوکہ اُنہوں نے 2019ء میں اپنے دورۂ پاکستان پر پہنا تھا۔
سوشل میڈیاکے مختلف پیجز پر شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے ’ہیز مسلم سینٹر‘ کے اس دورے کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں اور صارفین کی جانب سے مختلف قسم کے تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ میں اوپر تلے آئے شدید زلزلے جنہیں اقوام متحدہ اور ترکیہ نے’صدی کی تاریخی آفت‘ قرار دیا ہے، اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ، سرکاری اعدادو شمار کے مطابق اب تک ان زلزلوں سے 45 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 14ملین افراد متاثر ہوئے ہیں
82