تحریک انصاف کے سابق مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین ، صدر عبدالعلیم خان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چوہدری ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، اسحاق خاکوانی ، نعمان لنگڑیال ، چوہدری ظہیر الدین، نوریز شکور اور شعیب صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ جہانگیر ترین اور علیم خان نے ہمایوں اختر خان کو پارٹی مفلر پہنا یا ،انہیں پارٹی کا سینئر نائب صدر مقر کیا گیا ہے۔ جہانگیر ترین نے میڈیا گفتگو میں کہا کہ خوشی ہے کہ ہمایوں اختر نے ساتھ چلنے کا اعلان کیا ہے ،ہم مل کر ملک کی بہتری کیلئے کام کریں گے ،ہمارامشن پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام لانا ہے ،چاہتے ہیں 5 سال کیلئے ایک حکومت بنے تاکہ ملکی مسائل کا حل نکل سکے، سپریم کوٹ کا فیصلہ بہترین ہے کسی پارٹی کو کارنر نہیں کیا جا رہا ،پی ٹی آئی کی مقبولیت9مئی کے بعد بہت نیچے گئی ہے ۔علیم خان نے کہا کہ ہمایوں اختر خان کی شمولیت سے ہماری جماعت اور پاکستان مضبوط ہو گا ،(ن) لیگ سے ابھی اتحاد نہیں ہوا ، مذاکرات جاری ہیں ، تمام پارٹی ممبران اہم ہیں ،میری قربانی سے پاکستان کے مسائل ہوتے ہیں تو میں پہلا شخص ہوں گا،ہمایوں اختر نے کہا کہ 9مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر لی ، ایک شہید کا بیٹا ہوں جیسے شہدا ء کی بے توقیری کی گئی یہ ناقابل برداشت تھا ، آئی پی پی قیادت پر مکمل اعتماد ہے یہ ملک کی بہتری کیلئے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ،یہ پارٹی نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہے، غربت ،بے روز گاری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے کام کروں گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا ءکے بلند درجات کیلئے دعا کروائی ۔ انہو ں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سیاست کر رہے ہیں ، ذاتی جھگڑوں سے باہر نکل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔
95