97

انتخابی مرحلہ، ہزاروں امیدوار مد مقابل، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہفتے تک ہوگی

الیکشن 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا،ہزاروں امیدوار مد مقابل ہیں،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہفتے تک ہوگی، پارٹی سربراہان کی فہرست سے بانی پی ٹی آئی کا نام ہٹا دیا گیا۔قومی اور صوبائی نشستوں کیلئے امیدواروں نے اتوار کو بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے رش ختم ہوگیا تھا۔اتوار کی چھٹی کے باوجود ملک بھر میں تمام ریٹرننگ، اسسٹنٹ افسران اور عملہ آر او آفس میں حاضر رہے۔ اس موقع پر ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔ آج 25 دسمبر سے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل شروع ہوگا جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔ نواز شریف کے کورنگ امیدوار بلال یٰسین ہیں۔ نواز شریف کو 26 دسمبر کو اسکروٹنی کیلئے بلا لیا گیا۔بلاول بھٹو NA194لاڑکانہ اور شاہ محمود قریشی نے NA150ملتان سے بھی امیدوار ہونگے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لاہور کے حلقہ این اے 127سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے گئے۔اس حلقے سے پی پی لاہور کے صدر اسلم گل نے بھی بطور کورنگ امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔مریم نواز شریف کے پی پی 80 شاہ پور سرگودہا سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے نعیم پنجوتھا سے ہو گا۔ گزشتہ 5 روز کے دوران چاروں صوبوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سمیت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 859 جنرل نشستوں پر 32 ہزار سے زائد امیدوران نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور چیف آرگنائزر (ن) لیگ مریم نواز،عمران خان، بیرسٹر گوہر ، سراج الحق، مولانا فضل الرحمن سمیت کئی دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے، نواز شریف نے این اے 130 لاہور، بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194، شہداد کوٹ سے این اے 196 اور لاہور سے حلقہ این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔بتایا گیا ہے کہ ملتان سے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی، ان کے بیٹے ذین قریشی اور بیٹی مہر بانو قریشی نے اپنے وکلا کی ٹیم کے ہمراہ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 150، این اے 151 اور پی پی 218 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ذین قریشی نے پی پی 219 سے بھی کاغذات جمع کروائے۔ پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 64 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32، مونس الٰہی نے این اے 64 کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 32 اور 34 سے کاغذات جمع کروائے، سمیرا الٰہی نے پی پی 34 اور پی پی 32 اور قیصرہ الہٰی نے این اے 64 اور پی پی 32 سے نامینیشن فارم جمع کروائے۔ جہانگیر ترین نے این اے 155 لودھراں، پی پی 227 اور این اے 149 ملتان سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے، لطیف کھوسہ نے این اے 122 سے کاغذات جمع کروائے۔ (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے نارووال سے این اے 76 اور پی پی 54 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 249 سے کاغذات جمع کروائے۔مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف نے لاہور اور مانسہرہ۔ مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں شہبازشریف نے لاہور اور قصور۔ بلاول بھٹو نے لاہور اور لاڑکانہ۔ عمران خان نے میانوالی۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بونیر۔ مولانا فضل الرحمن ٰنے ڈیرہ اسماعیل خان اورپشین ۔سراج الحق نے دِیر سے۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پائو نے چارسدہ ۔چودھری شجاعت کی جگہ اُن کے بیٹے چودھری سالک نگجرات سے چودھری پرویز الٰہی کے مدمقابل ہونگے۔ اسفند یار ولی کی جگہ ان کے بیٹے ایمل ولی نے چارسدہ سے۔محمود خان اچکزئی نے قلعہ عبداللہ سے۔اختر مینگل نے خضدار سے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے لودھراں جبکہ صدر عبدالعلیم خان نے لاہور سے اور حُروں کے روحانی پیشوا اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا نے خیر پور سندھ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔لاہور سے قومی اسمبلی کی 14اور صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں پر6 سو سے زائد سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔لاہور کے حلقہ این اے 117 میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کے مدمقابل پیپلز پارٹی نے آصف ہاشمی اور ن لیگ نے ملک ریاض کو میدان میں اُتارا ہے۔ این اے 118 میں ن لیگ کے حمزہ شہبازکا مقابلہ پی ٹی آئی کے محمد خان مدنی اور پیپلز پارٹی کے غلام محی الدین سے ہے، دونوں امیدواروں نے حمزہ شہباز کے مدمقابل کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 119 سے مریم نوازاور علیم خان ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں دونوں نے اس حلقے سےکاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 120 سے مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور عطاء تارڑ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ این اے122 سے پی ٹی آئی کے لطیف کھوسہ اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔این اے 123 سے شہبازشریف کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے افضال پاہٹ اور جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ سمیت دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے۔ ادھرالیکشن کمیشن نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں امیدوارں کے کاغذات نامزدگی فارم چھیننے اور کاغذات نامزدگی داخل کرانے میں رکاوٹیں ڈالنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے کام میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں