10

چینی قونصل جنرل سن یان کا سندس فاؤنڈیشن کا دورہ، چینی عوام کے عطیے سے فراہم کردہ کریو فیوج مشین کا افتتاح

لاہور: چینی قونصل جنرل سن یان نے سندس فاؤنڈیشن لاہور سینٹر کا دورہ کیا، جہاں پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ، ڈائریکٹر خالد عباس ڈار اور سندس فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران قونصل جنرل سن یان نے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا مریض بچوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔
بعد ازاں قونصل جنرل سن یان نے چینی عوام کی جانب سے عطیہ کی گئی کریو فیوج (Cryofuge) مشین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہیں مشین کی افادیت اور خون کے اجزا کی علیحدگی سمیت مریضوں کے علاج میں اس کے کردار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت کا ایک قابلِ تحسین ادارہ ہے، جو برسوں سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا بچوں کو علاج، سہولیات اور امید فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ باہمی تعاون، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے پر بھی مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی عوام کی جانب سے عطیہ کی گئی یہ مشین مریض بچوں کے علاج اور انہیں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین مستقبل میں بھی فلاحی اور انسانی خدمت کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر پیٹرن سندس فاؤنڈیشن سہیل وڑائچ نے قونصل جنرل سن یان کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کرنے اور چینی عوام کی جانب سے طبی آلات کے عطیے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں