وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے کے بچوں کو نوازشریف سکول آف ایمیننس کا تحفہ دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے پنجاب میں تعلیم کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ نوازشریف سکولز آف ایمیننس ڈویژن وائز فعال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ سٹیٹ آف دی آرٹ سکول آف ایمیننس کی صورت میں مریم نواز نے معیاری اور مفت تعلیم کا وعدہ پورا کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک طالبعلم کے ہاتھوں سے سکول کا افتتاح کروا کے مثال قائم کی ہے۔ ساہیوال ڈویژن کے بعد، مریم نواز دیگر ڈویژنز میں بھی خود جا کر سکول پراجیکٹ کا افتتاح کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سکول آف ایمیننس کا ماڈل تعلیمی پراجیکٹ گلوبل سٹینڈرڈ کا حامل پراجیکٹ ہے۔ فرینڈلی کلاس رومز، جدید روبوٹکس، سائنس و کمپیوٹر اور سٹیم لیبز، جدید انفراسٹرکچرسیمت دیگر سہولیات سکول آف ایمیننس کا حصہ ہیں۔ انہوں نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کا ماڈل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی تعلیمی شعبہ سکول آف ایمیننس کی وجہ سے پریشان ہے، ایسے تعلیمی اداروں کا دائرہ بتدریج وسیع کرتے ہوئے صوبے بھر میں جال بچھائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس بنائے گئے ہیں، جہاں ہر سال 5 سے 10 لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ سکول آف ایمیننس میں امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی چھت تلے پڑھیں گے۔ ایسے بہترین اور ماڈل تعلیمی ادارے اگر حکومت خود بناتی اور چلاتی تو اربوں روپے درکار تھے۔ ہم نے قومی خزانے پر بوجھ نہیں ڈالا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ماڈل تعلیمی ادارے قائم کیے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سکول آف ایمیننس میں ایک ایک سیٹ کے مقابلے میں متعدد طالبعلم داخلے کے امیدوار تھے۔ ریکارڈ تعداد میں بچوں کا داخلہ ٹیسٹ دینا والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال ہونے کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب معیاری تعلیم میں آیک قدم اور آگے بڑھ چکا ہے۔ جلد صوبے کو تعلیم کے حوالے سے اس قابل بنا دیں گے کہ بیرون ملک میں بھی اس کی مثالیں دی جائیں گی
5