76

انتخابات کیلئے تیاری مکمل، جمعرات کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہوگی، الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سےمتعلق اہم اجلاس ہوا ، جس میں ممبران الیکشن کمیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ودیگر افسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ انتخابت کیلئے تیاری مکمل ہے ،ابتدائی حلقہ بندیوں پر تمام عذرداریوں پر الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کر لی اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کی روشنی میں حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائیگی،حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے اور انکی ترسیل الیکشن پروگرام تک یقینی بنائی جائے گی۔ اسکے علاوہ قانون کےمطابق سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق کی ا لیکشن کمیشن نے منظوری دیدی جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ، ریٹرننگ آفیسروں و پولنگ سٹاف کی ٹریننگ کا پلان تیار ہے اور انتخابی عملے کی بروقت ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے گا، اسی طرح بیلٹ پیپروں کی طباعت کیلئے ضروری انتظامات اور الیکشن میٹریل کی خریداری بھی مکمل کر لی گئی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن وعامہ کو یقینی بنانے اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومتوں اور لاء انفورسنگ ایجنسیز کی تعیناتی سے متعلق ایک ہفتہ کے اندر مکمل تفصیلات لی جائیں اور پولیس فورس کی کمی کی صورت میں بروقت متبادل انتظام کو یقینی بنایا جائے گا اور عام انتخابات کے دوران پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی تاکہ عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے ۔ادھر الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں