124

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی استحکام پاکستان پارٹی مین شمولیت

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر میں منظرعام پر آگئے، پی ٹی آئی چھوڑنے اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

فرخ حبیب نے استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا اور کہا کہ آج میں استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے افسوسناک واقعات کے بعد ہم گھروں سے دور تھے، ہم لوگ ان واقعات پر قانون کا سامنا نہیں کر رہے تھے، ہم تو قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لیے پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حالات کے تسلسل اور جذبات کی وجہ سے ہم بہت آگے نکل گئے تھے، پرامن سیاست کے بجائے تشدد کا راستہ اختیار کیا گیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں بٹھایا گیا کہ ادارے ہمارے خلاف ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پر حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا تھا، عدم اعتماد کے بعد ہمیں چین سے بیٹھنے نہیں دیا گیا، ہمیں جمہوری طریقے سے جدوجہد کرنی چاہیے تھی، مگر پر تشدد مزاحمت کا راستہ اختیار کیا گیا، معصوم لوگوں کے جذبات کو بھڑکایا گیا، نفرت کے پیغامات کو پروان چڑھایا گیا۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ماضی میں لوگوں نےصبر کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کیا، آپ بیلٹ کی بجائے بلٹ کا ذہن دیتے رہے، سیاسی رہنما ماضی میں بھی گرفتار ہوتے رہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ لوگ ان کے لیے لڑیں، وہ گرفتاری نہیں دینا چاہتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں