کراچی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے، میزبان ٹیم کو پہلی وکٹ مل گئی۔
کیوی کپتان ٹم ساؤتھی نے دوسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
نسیم شاہ نے اوپنر بیٹر ٹام لیتھم کو آؤٹ کیا، انہوں 71 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے، بہت مثبت سوچ کے ساتھ جا رہے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نعمان علی اور وسیم جونیئر فائنل الیون میں شامل نہیں، جبکہ حسن علی اور نسیم شاہ کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مہمان ٹیم نے گزشتہ روزجم کر ٹریننگ کی، جبکہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد تنہا پریکٹس میں مصروف دکھائی دیے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شائقین کی مفت انٹری کا اعلان کیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے صرف اپنا اصل شناختی کارڈ یا ب فارم لانا ہو گا، اس کے بغیر اسٹیڈیم میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔
شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس چلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیا، شیشے یا پلاسٹک کی بوتلیں، پاکستانی پرچم اور نیوزی لینڈ کے جھنڈے کے علاوہ کسی بھی جھنڈے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان آغا، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔
79