سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے مقتول کے کینیا میں کیے گئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ پر اعتراض لگا دیا۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا کہ کینین پوسٹ مارٹم رپورٹ کی فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہے۔
وفاقی پولیس کل ار شدشریف قتل کیس کی انکوائری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائےگی۔
سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل از خودنوٹس کیس کی کل سماعت ہوگی۔
پاکستانی صحافی ارشد شریف کو کینیا میں 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران پر مشتمل ٹیم ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے 28 اکتوبر کو کینیا گئی تھی۔
یہ ٹیم تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ گئی تھی، جس کے بعد اس نے اپنی تحقیقات کی رپورٹ بھی حکام کو پیش کی تھی
81