81

سی بی ڈی پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے، آئی ٹی سٹی اور سیلیسٹیا آئی ٹی اینڈ آفس ٹاور میں ترقیاتی کام مقررہ رفتار سے جاری

پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، نے اپنے فلیگ شپ منصوبے پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے آئی ٹی سٹی، سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی میں نمایاں پیش رفت کی اطلاع دی ہے۔ یہ منصوبہ اتھارٹی کے اس وژن کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے جس کا مقصد پائیدار انفراسٹرکچر تعمیر کرتے ہوئے پنجاب کو ٹیکنالوجی اور بزنس کی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے۔

سی بی ڈی پنجاب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ریاض حسین نے بتایا کہ آئی ٹی سٹی کے نکاسی آب کے نظام کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ پیکج I، II اور III پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ مختلف حصوں میں واٹر باؤنڈ لیئر ڈالی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی مون سون کا موسم ختم ہوگا، سرکلر روڈ I اور سرکلر روڈ II سمیت مختلف حصوں پر اسفالٹ کارپیٹنگ کا آغاز ستمبر سے کیا جائے گا۔

ریاض حسین نے وضاحت کی کہ منصوبہ طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ انفراسٹرکچر بشمول روڈ نیٹ ورکس، ڈرینیج سسٹمز اور سرکلر روڈز کی تکمیل کے بعد یونیورسٹیز، آئی ٹی اداروں، تفریحی مراکز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مختص پلاٹس باضابطہ طور پر تعمیرات کے لیے فراہم کر دیے جائیں گے۔ یہ سنگ میل آئی ٹی سٹی کو پاکستان کے نمایاں مرکز برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدت اور اعلیٰ تعلیم بنانے کی بنیاد رکھے گا۔

دوسری جانب سی بی ڈی پنجاب کے سیلیسٹیا آئی ٹی اینڈ آفس ٹاور میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جہاں 55 فیصد ڈھانچہ جاتی اور فنشنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ، جو جدید ہائی رائز کی شکل میں لگژری اور مخلوط طرزِ رہائش کو نئی جہت دے گا، شیڈول اور معیار کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے کہا:“سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی اور سیلیسٹیا ٹاور ایسے انقلابی منصوبے ہیں جو نہ صرف پنجاب کے شہری اور معاشی ڈھانچے کو نئی سمت دیں گے بلکہ صوبے کو آئی ٹی، بزنس اور جدید طرزِ زندگی کا عالمی مرکز بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ یہ منصوبے ہماری جدت، پائیداری اور معاشی ترقی کے لیے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔”

مسلسل پیش رفت اور بروقت عمل درآمد کے ساتھ، سی بی ڈی پنجاب شہری ترقی کی نئی جہت متعین کرنے، معاشی مواقع فراہم کرنے اور پنجاب و پاکستان کے لیے ٹیکنالوجی سے مستحکم مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے عزم پر گامزن ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں