195

عالمی صورتحال کے تناظر میں معیشت کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں-صدر میاں ابوذر شاد

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے بین الاقوامی سطح پر ٹیرف وار کے تناظر میں حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قومی معیشت کو تحفظ دینے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیرف معاملات نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس کو ہلا کر رکھ دیا ہے، حتیٰ کہ مضبوط معیشتیں بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکیں۔ یہ مسئلہ اب محض دو ممالک کے درمیان تجارتی تنازعہ نہیں رہا بلکہ ایک عالمی اقتصادی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک روز میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 3882 پوائنٹس کی شدید کمی نے سرمایہ کاروں میں بے یقینی اور خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔ اسی طرح سعودی عرب کی اسٹاک مارکیٹ کو 500 ارب ریال کا تاریخی نقصان ہوا جو اس بحران کی سنگینی کا عکاس ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ ایسے غیر یقینی حالات میں پاکستان کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ سے پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ اہم پیش رفت ہے، جس سے تجارتی مراعات اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسٹاک مارکیٹ میں استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے فوری مالیاتی ریلیف پیکیج دیا جائے۔ ساتھ ہی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور وزارت خزانہ کو چاہیے کہ وہ مارکیٹ کی سخت نگرانی، شفافیت کو فروغ دینے اور بدلتے عالمی رجحانات کے مطابق تیز رفتاری سے پالیسی اقدامات یقینی بنائیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اس نئے سفارتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکی منڈیوں تک ترجیحی رسائی حاصل ، مشترکہ سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں