راولپنڈی: (ٹیوٹرپاکستان) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، وباء کیخلاف کامیابیوں کو احتیاط سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں راولپنڈی جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں 233 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
233rd Corps Commanders’ Conference, presided by COAS General Qamar Javed Bajwa held today at GHQ. Forum reviewed operational readiness & evolving threat spectrum in context of external & internal security of the country. COAS complimented efforts put in by all formations (1/4) pic.twitter.com/JJvAQ2oqNr
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) July 21, 2020
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس کے دوران ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کے تناظرمیں آپریشنل تیاریوں پرغور کیا گیا جبکہ خطے کی سکیورٹی صورتحال پر پاک فوج کے سپہ سالار نے تمام فارمیشنزکی تیاریوں کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا، آئندہ ماہ اگست کو بھارتی غیر قانونی اقدام کو ایک سال ہو جائے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، وباء کیخلاف کامیابیوں کو احتیاط سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست 2019ء کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دل اور کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی مدد کرنے پر فارمیشنز کے تعاون کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کورونا وبا کے خلاف لڑائی میں سول انتظامیہ کی مدد کی کوششوں کو بھی سراہا، جبکہ کمانڈرز نے ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کوششوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کو درپیش ہر خطرے کا موثر جواب دیا جائے گا۔