فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کردی گئی ہے، بجلی کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹیر اتھارٹی (نیپرا) نے 8 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جبکہ تین ماہ کی فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔
نیپرا نے نومبر 2019 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں فی یونٹ بجلی 98 پیسے مہنگی کر دی، بجلی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صارفین سے وصولی ستمبر 2020 کے بجلی بلوں میں ہو گی، دسمبر 2019 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی ایک روپے 88 پیسے مہنگی کی گئی ہے، دسمبر کی مد میں اضافہ بھی ستمبر 2020 کے بجلی بلوں میں ہو گا۔