ملک بھر میں الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا، رات 12 بجتے ہی انتخابی مہم ختم ہوتے ہی اب کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 6 فروری رات 12 بجے تک امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم چلانے کا وقت دیا گیا تھا جو ختم ہوگیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مقررہ وقت کے بعد الیکشن مہم، اشتہارات و دیگر تحریری مواد کی الیکٹرونک/پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر بھی پابندی ہے۔ انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا کہ میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد پولنگ رزلٹ کی نشریات شروع کرسکتا ہے۔
پولنگ رزلٹ میں یہ واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ رزلٹ غیر حتمی و غیر سرکاری ہیں۔ ریٹرننگ آفیسرز پولنگ اسٹیشنوں کا پروگریسیو رزلٹ اور مکمل غیر حتمی رزلٹ جاری کریں گے۔
الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کرے گا۔ خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کی ہدایات کردی گئی ہے۔