ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ پورے ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل شروع ہوگیا ہے جو کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق تمام 859 انتخابی حلقوں کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام تینوں سرکاری پریس اداروں میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ وہ حلقے جہاں عدالتی فیصلوں کے مطابق دوبارہ چھپائی کروانا پڑی، ان حلقوں میں بھی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بر وقت مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پورے ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل شروع ہوگیا، جو کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔ 2018 عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور اس پر 800 ٹن اسپیشل سیکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا۔ 2024 کے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔
بیلٹ پیپرز اور ان کی چھپائی پر 2,170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے۔ زیادہ بیلٹ پیپرز چھپائی کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی بڑھی ہوئی تعداد ہے جو کہ 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے عمل کے دوران مختلف مراحل میں کئی چیلنجز سامنے آئے، چیلنجز میں عدالتی مقدمے اور امیدواروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
کمیشن نے محدود وقت اور چیلنجز کے باوجود اپنی ذمہ داری پوری کی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بروقت مکمل کرکے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات میں تمام ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔