9

محرم الحرام سکیورٹی کے پیشِ نظر پنجاب میں دفعہ 144 نافذم

حکومت پنجاب نے محرم الحرام سکیورٹی کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ 144 یکم سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کسی قسم کی نئی اختراع کی اجازت نہیں ہوگی۔ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ عوامی جذبات، عقائد اور فرقوں کے مذہبی احساسات کو مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں، اشاروں اور حرکات پر مکمل پابندی ہوگی۔ کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس کے ذریعے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر بھی دفعہ 144 کا نفاذ ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر واقع مکانات اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے تعمیر کرنے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح جلوسوں کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جلوس کے دوران راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق بزرگ شہریوں، خواتین، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔ ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ رہے گی جبکہ ڈبل سواری کے علاوہ دیگر تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت نافذ کی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ دفعہ 144 کا نفاذ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران نافذ پابندیوں کے حوالے سے تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھرپور تشہیر اور عوامی آگاہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قانون پر عملدرآمد کیساتھ امن، رواداری اور باہمی احترام کی فضا برقرار رکھی جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں