حکومت پنجاب نے عوام کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کے عزم کے تحت وہاڑی میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا، جس کا افتتاح

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے کیا۔ خورشید انور سٹیڈیم میں منعقدہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہاڑی کی تاریخ میں پہلی بار شہریوں کو الیکٹرک بسوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت 60 سال سے زائد عمر کے شہری مفت سفر کریں گے جبکہ دیگر مسافر صرف 20 روپے کرایہ ادا کرکے 50 کلومیٹر تک سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں 1100 الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت کر رہی تھیں، اب ان کی تعداد بڑھا کر 3000 کی جا رہی ہے اور یہ سہولت مرحلہ وار مزید شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ منصوبہ وہاڑی کے عوام کیلئے تاریخی تحفہ ہے، جس سے شہریوں کو معیاری، آرام دہ، محفوظ، سستی اور ماحول دوست سفری سہولت میسر آئے گی، ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔
اس موقع پر ایم این اے تہمینہ دولتانہ، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید، ایم پی اے یوسف کسیلیہ، ایم پی اے ملک نوشیر لنگڑیال، سابق ایم این اے سعید منیس اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی کو پہلی مرتبہ جدید الیکٹرک بس سروس کی فراہمی عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تکمیل ہے، اس منصوبے سے طلبہ، خواتین، بزرگ شہریوں، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد کو سستی، محفوظ اور باوقار سفری سہولت میسر آئے گی۔
تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ، ڈی پی او تصور اقبال، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجروں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور الیکٹرک بس سروس کے آغاز کو وہاڑی کی ترقی اور جدید شہری ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔\378