79

آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے والے ایشیائی اداکار کی ناقابلِ یقین کہانی

چینی نژاد اداکار کے ہوئی کوان نے فلم ’ایوریتھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ کے لیے آسکر ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
کے ہوئی کوان فلم ’ایوریتھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘سے آسکر ایوارڈز کی کیٹیگری’بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر‘ میں نامزد ہوئے تھے اور اس ایوارڈ کوجیتنے میں بھی کامیاب رہے۔
وہ یہ ایوارڈ جیتنے کے بعد آسکر کے اسٹیج پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔
اُنہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ’میری 84 سالہ والدہ گھر بیٹھے اسکرین پر مجھے دیکھ رہی ہیں کہ میں آج آسکر ایوارڈ جیت گیا ہوں‘۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’میری اس جدوجہد کا آغاز ایک کشتی سے ہوا، میں ایک سال تک مہاجرین کے کیمپ میں رہا اور کسی نہ کسی طرح ہالی ووڈ کے اس سب سے بڑے اسٹیج تک پہنچ ہی گیا، لوگ میری کہانی سن کر کہتے ہیں کہ اس طرح کی کہانیاں صرف فلموں میں ہوتی ہیں اور مجھے تو خود بھی یقین نہیں آتا کہ میرے ساتھ ایسا حقیقت میں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ میری زندگی میں ایسا وقت بھی آیا کہ میں نے فلمی دنیا کا حصّہ بننے کے جو خواب دیکھے تھے میں ان سے تقریباََ دستبردار ہوچکا تھا۔
اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جن خوابوں پر آپ کو یقین ہو اُن خوابوں کو ہمیشہ زندہ رکھیں۔
چینی نژاد کے ہوئی کوان ویتنام میں پیدا ہوئے تھے اور 1978ء میں ان کی فیملی نے وہاں سے نقل مکانی کرلی تھی جس کے بعد وہ اپنے والد اور 5 بہن بھائیوں کے ہمراہ ہانگ کانگ کے مہاجرین کیمپ میں مقیم رہے جبکہ ان کی والدہ اور دیگر 3 بہن بھائی ملائیشیا میں ان سے بچھڑ گئے تھے۔
کے ہوئی کوان کی پوری فیملی 1979ء میں امریکا میں ایک پھر اکٹھی ہوئی۔
کی ہوئے کوان نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1984ء میں فلم ’انڈیانا جونز اینڈ دی ٹمپل آف ڈوم‘ سے کیا جس کے بعد 90 کی دہائی میں اُنہوں نے کئی فلموں میں کام کیا۔
بعد ازاں، جب اداکار کا فلمی کیریئر متاثر ہونے لگا تو پھر اُنہوں نے فلم پروگرام میں باقاعدہ ایک ڈگری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اب بالآخر فلم ’ایوری تھنگ ایوریویئر آل ایٹ ونس‘ سے ان کی فلمی دنیا میں کامیاب واپسی ہوئی اور وہ آسکر ایوارڈ جیتنے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں