لاہور( میاں عصمت سے ) عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونیوالی نفسیاتی تھرلر فلم سائیکو کی تشہیری مہم کے سلسلے میں لاہور میں ایک خصوصی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا،

تقریب میں فلم کی مرکزی کاسٹ اور پروڈکشن ٹیم کے اہم اراکین نے شرکت کی جن میں سپر اسٹار شان شاہد، اداکارہ میرا اور سینئر اداکار نیئر اعجاز نمایاں تھے،پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا

کہ فلم سائیکو محض ایک روایتی کہانی نہیں بلکہ انسانی ذہن کی پیچیدہ کیفیتوں کو سمجھنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے،فلم کی کہانی اس انداز میں ترتیب دی گئی ہے کہ ناظرین صرف ایک واقعہ نہیں دیکھتے بلکہ کرداروں کے ذہنی اور جذباتی سفر کا حصہ بن جاتے ہیں، فلم میں حقیقت اور تاثر کے درمیان موجود باریک حد کو نمایاں کیا گیا ہے، جس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ انسان کے فیصلوں کے پیچھے اصل محرکات کیا ہوتے ہیں، شان شاہد کا کہنا تھا کہ یہ فلم ناظرین کو کوئی تیار شدہ جواب دینے کے بجائے انہیں سوچنے، مشاہدہ کرنے اور اپنی تشریح خود کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، اور یہی اس کی سب سے بڑی خصوصیت ہے، پاکستانی سینما کو اب ایسے موضوعات کی ضرورت ہے جو نہ صرف تفریح فراہم کریں بلکہ ذہن کو بھی متحرک کریں، اداکارہ میرا نے کہا کہ اس فلم میں انہوں نے اپنے کردار کو صرف ادا کرنے کے بجائے اس کی نفسیاتی گہرائی کو سمجھنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔،ان کے بقول ہر کردار کے پیچھے ایک مکمل ذہنی اور جذباتی پس منظر موجود ہوتا ہے اور انہوں نے اس پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی اداکاری کو زیادہ حقیقت کے قریب بنانے کی کوشش کی، میرا نے کہا کہ موجودہ دور میں فلمی صنعت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور وہ ایسے منصوبوں کا حصہ بننا چاہتی ہیں جو محض تفریح تک محدود نہ ہوں بلکہ معاشرے کے کسی نہ کسی پہلو کو اجاگر کریں،سائیکو ایک ایسی فلم ہے جو ناظرین کو محض چند گھنٹوں کی تفریح نہیں بلکہ ایک فکری تجربہ فراہم کرے گی، فلم کے پروڈیوسر سلیمان احمد بٹ نے کہا کہ سائیکو کے ذریعے ایک ایسا فلمی تجربہ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو تفریح کے ساتھ ساتھ سماجی شعور کو بھی بیدار کرے اور عالمی سطح پر پاکستانی سینما کی مثبت تصویر اجاگر کرے، فلم کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی، معیاری سنیماٹوگرافی اور بین الاقوامی معیار کے ویژول ایفیکٹس کو خاص اہمیت دی گئی ہے تاکہ اسے عالمی معیار کی فلموں کے ہم پلہ پیش کیا جا سکے، یہ فلم عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر27 مئی کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جیو فلم کا میڈیا پارٹنر ہے یہ منصوبہ روایتی کمرشل فلموں سے قدرے مختلف ہے کیونکہ اس میں انسانی نفسیات کی پیچیدگیوں کو کہانی کا بنیادی محور بنایا گیا ہے اور یہی پہلو اسے دیگر فلموں سے منفرد بناتا ہے،فلم کی کہانی اس خیال کے گرد گھومتی ہے کہ حقیقت ہمیشہ سادہ اور یک رخی نہیں ہوتی بلکہ طاقت، سماجی دباؤ، ذاتی مفادات اور پوشیدہ محرکات مل کر ایک ایسی فضا پیدا کرتے ہیں جہاں سچ اور تاثر کے درمیان حدیں دھندلا جاتی ہیں۔ فلم کا مرکزی خیال یہ ہے کہ انسان کی سب سے بڑی جنگ اکثر اس کے اپنے ذہن کے اندر جاری ہوتی ہے، اور یہی پہلو ناظرین کو اپنے باطن کا جائزہ لینے پر مجبور کرتا ہے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ اگرسائیکو اپنے تخلیقی مقصد میں کامیاب رہی تو یہ پاکستانی سینما میں ایک نئے رجحان کی بنیاد رکھ سکتی ہے جہاں صرف تفریح کے بجائے فکری اور موضوعاتی کہانیوں کو بھی نمایاں مقام حاصل ہوگا۔ ماہرین کے مطابق فلم نہ صرف باکس آفس پر بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے بلکہ شائقین کو ایک مختلف اور سوچنے پر مجبور کر دینے والا فلمی تجربہ بھی فراہم کرے گی،فلم کی کاسٹ میں شان شاہد، میرا، سونیا حسین، جاوید شیخ، نیئر اعجاز، شبیر جان اور عدنان بٹ شامل ہیں جنہوں نے اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ فلم کا ٹیزر اس سے قبل لندن کے معروف O2 ایرینا میں پیش کیا جا چکا ہے، جسے پاکستانی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم بین الاقوامی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
14