لاہور (میاں عصمت سے ): پاکستان سُپر لیگ کی پریمیئر فرنچائز پشاور زلمی اور نیو ایج کیبلز کے مابین پی ایس ایل10کیلئے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کر دئیے گئے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پشاور زلمی عباس لئیق اور ڈائریکٹرسیلز اینڈ فنانس نیو ایج کیبلز المان جلیل اعظم نے معاہدے پر دستخط کئے۔


مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے دوران پشاور زلمی کے سٹار کھلاڑی حسین طلعت اور مہران ممتاز بھی موجود تھے۔


اِس مفاہمتی یاداشت کے تحت پی ایس ایل 10میں پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کی کٹس کی شرٹ پر نیو ایج کیبلز کا لوگو نمایاں انداز میں لگایا جائے گا۔


پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے دونوں آرگنائزیشنزمستقبل میں مشترکہ طور پر کردار اداکریں گی۔

اِس موقع پر ڈائریکٹرسیلز اینڈ فنانس نیو ایج کیبلز المان جلیل اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل10 کیلئے پشاور زلمی کے ساتھ شراکت داری ہمارے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ہم مستقبل میں بھی پشاور زلمی کے ساتھ باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔

یہ شراکت داری ہماری جدت، پائیداری اورکھیلوں میں با معنی اثرات کی عکاس ہے۔

چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیو ایج کیبلزکو زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ہم پی ایس ایل10میں مشترکہ طور پر اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
اِس مفاہمتی یاداشت سے نوجوانوں کو نئے مواقع میسر ہوں گے اور ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔