ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری مائنز نعیم اللہ بھٹی، منیجنگ ڈائریکٹر پنجمن خالد کھرل، اور ڈائریکٹر ماحولیات ایم آفتاب نے شرکت کی۔ اجلاس میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی اور 10 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، محکمہ معدنیات کے تمام منسلک ادارے اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔مہم کے تحت 21 مارچ کو مائنز لیبر ویلفیئر کے تحت چلنے والے تمام اسکولوں اور اسپتالوں میں درخت لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جائے گا۔ سیکرٹری معدنیات خصوصی طور پر سگیاں پل کے قریب ایک مختص کردہ ریت کی لیز کے پاس درخت لگا کر مہم کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر سیکریٹری معدنیات پرویز اقبال کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کی تعمیر ہماری اولین ترجیح ہے۔ ‘پلانٹ فار پاکستان’ شجرکاری مہم اسی عزم کی ایک کڑی ہے، جس کے تحت ہم پورے صوبے میں بڑے پیمانے پر درخت لگا رہے ہیں۔ اس مہم میں محکمہ معدنیات کے تمام منسلک ادارے، اسکول، اسپتال، اور مائننگ کنٹریکٹرز بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ ہم اس مہم کو صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مستقل مشن کے طور پر دیکھتے ہیں، جو ہمارے آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرے گا۔علاوہ ازیں، پنجاب بھر میں تمام کان کن ٹھیکیدار بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، تاکہ شجرکاری کے فروغ کو صوبے بھر میں یقینی بنایا جا سکے۔ یہ مہم ماحولیاتی بہتری کے لیے حکومت پنجاب کے عزم کا عکاس ہے اور محکمہ معدنیات کی ایک سرسبز اور صحت مند پاکستان کے قیام کی کوششوں کا حصہ ہے
63