44

گرلز گائیڈز جیسی سرگرمیاں نوجوان لڑکیوں کی شخصیت سازی کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں-جہاں آراء منظور وٹو

وائس چیئرپرسن ،پی ایس پی اے، جہاں آراء منظور وٹو نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں منعقدہ گرلز گائیڈز (اسکاؤٹس گرلز) کے اورینٹیشن سیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد طالبات میں قائدانہ صلاحیتوں، سماجی شعور، نظم و ضبط، خدمتِ خلق اور کردار سازی کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر وائس چیئرپرسن جہاں آراء منظور وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرلز گائیڈز جیسی سرگرمیاں نوجوان لڑکیوں کی شخصیت سازی اور عملی صلاحیتوں کو نکھارنے

میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ بااختیار اور تعلیم یافتہ لڑکیاں اپنے خاندان اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غربت، سماجی محرومی اور محدود مواقع جیسے چیلنجز کے ازالے کے لیے مؤثر سماجی تحفظ ناگزیر ہے، اور پی ایس پی اے اسی وژن کے تحت کمزور طبقات کو تعلیم، صحت اور معاشی مواقع تک بہتر رسائی کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

مزید برآں، وائس چیئرپرسن نے پی ایس پی اے کے فلیگ شپ زیورِ تعلیم پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت ہر سال تقریباً 5 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ سات برسوں کے دوران جماعت چھٹی تا دسویں جماعت کی طا لبات کے داخلوں میں تقریباً 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ کم عمری کی شادیوں کی حوصلہ شکنی، زچہ و بچہ کی صحت میں بہتری اور سماجی و معاشی اشاریوں پر مثبت اثرات بھی پروگرام کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ، وائس چیئرپرسن نے کہا کہ گرلز گائیڈز کی تحریک اور سماجی تحفظ کے پروگرامز کا مشترکہ مقصد نوجوان لڑکیوں کو مواقع، اعتماد اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ تعلیم انہیں علم سے آراستہ کرتی ہے جبکہ قائدانہ تربیت انہیں معاشرے میں مثبت تبدیلی کا محرک بناتی ہے۔

آخر میں جہاں آراء منظور وٹو نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور گرلز گائیڈز کو اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ پی ایس پی اے خواتین اور بچیوں کی تعلیم، فلاح و بہبود اور بااختیاریت کے لیے اپنی کاوشیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں